شمالی کوریا کا شمالی کوریا نے کلسٹر وارہیڈ سے لیس اسٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ 5 سے 6 ہیکٹر کے رقبے میں پھیلے اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے بتایا کہ میزائل انتظامیہ نے 2 نومبر کو کیے گئے تجربے کے …
شمالی کوریا کا کلسٹر وارہیڈ سے لیس کروز میزائل کا تجربہ، 6 ہیکٹر رقبے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا دعویٰ
پیانگ یانگ۔3نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا کا شمالی کوریا نے کلسٹر وارہیڈ سے لیس اسٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ 5 سے 6 ہیکٹر کے رقبے میں پھیلے اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے بتایا کہ میزائل انتظامیہ نے 2 نومبر کو کیے گئے تجربے کے دوران درمیانے درجے کے کلسٹر وارہیڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
شمالی کوریا کی میزائل انتظامیہ کے بیان کے مطابق کروز میزائل میں نصب کلسٹر وارہیڈ 5 سے 6 ہیکٹر کے علاقے میں زیادہ شدت کے ساتھ اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تجربے کے دوران میزائل کے ہدف کی جانب عمودی انداز میں پیش قدمی کے وقت اس کی کارکردگی بھی جانچی گئی۔ کے سی این اے کے مطابق پرواز کے آخری مرحلے میں میزائل کی نقل و حرکت اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت میں بہتری کے باعث مختلف قدرتی اور جغرافیائی حالات کے مطابق اہداف کو نشانہ بنانا ممکن ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تجربے کی نگرانی ورکرز پارٹی آف کوریا کی مرکزی فوجی کمیٹی کے رکن اور پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پہلے نائب شعبہ جاتی سربراہ جنرل کم جونگ سک نے کی۔شمالی کوریا کی میزائل انتظامیہ نے ملک کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف ہتھیاروں کے نظام مزید ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ تجربات میزائل نظاموں کی جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری طے شدہ تحقیق اور ترقیاتی سرگرمیوں کا حصہ تھے۔








