نگلہ دیش کے فاسٹ بولر تسکین احمد نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ شیڈول اہم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
آسٹریلیا کے دورے کی تیاری کے لئے تسکین احمد لنکا پریمیئر لیگ سے دستبردار

مزید خبریں
ڈھاکہ۔23جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر تسکین احمد نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ شیڈول اہم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق جافنا کنگز کی نمائندگی کرنے والے تسکین احمد نے زمبابوے کے دورے سے واپسی کے بعد سری لنکا جانے کے بجائے ڈھاکا میں قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ آسٹریلین حالات کے مطابق اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکیں۔بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم اگست میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ 2003 کے بعد پہلی بار دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ یہ 2 ٹیسٹ میچز ڈارون اور میکائے میں کھیلے جائیں گے۔ تسکین احمد کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف مسلسل 6 میچز کھیلنے کے بعد اگر وہ ایل پی ایل کے لئے چلے جاتے تو آسٹریلیا کے اہم دورے سے قبل ان کی ٹیسٹ میچ کی تیاریاں متاثر ہو سکتی تھیں، جس کی وجہ سے انہوں نے این او سی حاصل ہونے کے باوجود ایل پی ایل سے دستبردار ہونا مناسب سمجھا۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم مینجمنٹ آسٹریلیا کے دورے سے قبل اپنے دیگر فاسٹ بولرز کی انجریز کی وجہ سے بھی تشویش کا شکار ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران سائیڈ سٹرین کی وجہ سے اپنا اوور مکمل نہ کر سکے اور ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار بائیں ہاتھ کے تیز بولر شریف الاسلام اس وقت بحالی کی تربیت سے گزر رہے ہیں تاکہ وہ پہلے ٹیسٹ سے قبل فٹنس حاصل کر سکیں۔








