وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کےاعلیٰ حکام ،پاکستان کے لیے مشن چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، فنڈ کے تحت جاری پروگرام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کےاعلیٰ حکام ،پاکستان کے لیے مشن چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، فنڈ کے تحت جاری پروگرام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال

واشنگٹن ڈی سی۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان کے لیے مشن چیف ایوا پیٹرووا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں پاکستان کی میکرواکنامک صورتحال، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی ( ای ایف ایف ) ، ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی ( آر ایس ایف) اور فنڈ کے تحت جاری پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر مالی صورتحال، بیرونی معاملات میں توازن، محصولات کے اہداف کے حصول، مضبوط زرمبادلہ کے ذخائر، ریکارڈ ترسیلات اور کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔

دوران بات چیت ٹیکس اور توانائی کی اصلاحات، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن، قرضوں کے انتظام، مالیاتی ذرائع میں تنوع اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی کا احاطہ کیا گیا۔ فریقین نے ہیومن کیپٹل ڈویلپمنٹ، خواتین کی معاشی شراکت داری، آبادی سے متعلقہ چیلنجز ، ٹیکنالوجی پر مبنی گروتھ اور نجی شعبے کی قیادت میں ایکسپورٹ پر مبنی تری پر اظہار خیال کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان میں اصلاحاتی ایجنڈے کو یکسوئی سے جاری رکھنے اور فنڈ سے اتفاق شدہ پروگرام پر عمل پیرا ہونے کا اعتراف کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے مالیاتی نظم و ضبط، پالیسی کی ساکھ کو یقینی بنانے،سٹرکچرل اصلاحات اور طویل المدتی اقتصادی تبدیلی کے حوالے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں