ایرانی صدر کا پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور، تہران میں پاکستان کے سفیر نے سفارتی اسناد پیش کیں
ایرانی صدر کا پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور، تہران میں پاکستان کے سفیر نے سفارتی اسناد پیش کیں

مزید خبریں
تہران۔23جولائی (اے پی پی):ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تیز رفتاری سے فروغ دیا جانا چاہیے کیونکہ موجودہ تعاون دونوں ممالک کی بھرپور صلاحیت کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔ تہران میں پاکستان کے نئے سفیر عمران احمد صدیقی کی سفارتی اسناد قبول کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات محض ہمسایہ ممالک کے تعلقات سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار اور برادر ملک سمجھتا ہے اور اسے تمام ایرانیوں کا دوسرا گھر قرار دیا۔ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے حالیہ علاقائی پیش رفت میں پاکستانی قیادت کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کی جو پاکستان کے امن اور علاقائی استحکام سے حقیقی عزم کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کاوشوں اور تہران اور اسلام آباد کے درمیان جاری مشاورت کو ایران کی حکومت اور عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایرانی صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن نقوی کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور گرمجوش پر مبنی پیغام کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی کو ان کی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران ہر ممکن سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی یکجہتی کی ایک مثالی مثال ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں موجود وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر عمران احمد صدیقی نے صدر پزشکیان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی قیادت کی جانب سے ایرانی صدر اور ایرانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔








