آلودگی پھیلانے والی 52 فیکٹریاں سر بمہر،18 فیکٹریوں کو17 لاکھ جرمانہ

126
سموگ

فیصل آباد۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):موسم کی تبدیلی کے باعث سموگ سے بچاؤ کیلئے آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران آلودگی پھیلانے والی 52 فیکٹریاں سر بمہر،18 فیکٹریوں کوساڑھے17 لاکھ جرمانہ اور30 فیکٹریوں کیخلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ ماحولیات فیصل آباد محمد نواز خان نے ’اے پی پی‘ کو بتایا کہ تحفظ ماحولیات سکواڈ نے گزشتہ چند روز کے دوران305 مختلف فیکٹریوں کے دورے کئے جس میں دھواں چھوڑنے والی 87 فیکٹریوں کو دھواں کنٹرول کرنے والے آلات کی درستگی کروانے کیلئے سات یوم کی مہلت دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس عرصہ میں 256 بھٹہ جات کو چیک کیاگیا جن میں زگ زیگ بھٹہ جات کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب17 بھٹہ جات کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی گئیں جبکہ 20 بھٹہ جات کو سر بمہر کردیا۔ علاوہ ازیں 43 بھٹہ جات کو 44 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور 8 بھٹہ جات کو7 دن کی مہلت دیدی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران دھواں چھوڑنے والی متعدد گاڑیوں کو چیک کرتے ہوئے خلاف ورزی کی مرتکب 303 گاڑیوں کے چالان اور5 لاکھ7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ تحفظ ماحول شہر کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں پنجاب ماحولیاتی تحفظ سموگ روک تھام اور کنٹرول قوانین کا نفاذکردیا گیا ہے جس کے تحت غیر معیاری ایندھن کے استعمال، بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے حامل بھٹہ جات، آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو چلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی عائد ہے۔