آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد ۔ 05جنوری(اے پی پی)آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی قرارداد کے 70 برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا …

اسلام آباد ۔ 05جنوری(اے پی پی)آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی قرارداد کے 70 برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماﺅں عبدالمجید لون، الطاف وانی، سید فیض نقشبندی، عبدالماجد میر، حسن البنائ، اعجاز رحمانی، محمود صغیر، پرویز شاہ، عبدالماجد ملک، راجہ خادم حسین، میر طاہر مسعود اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں اور عام کشمیری عوام پر بھارتی سکیورٹی اداروں کی جانب سے ظلم و بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھارتی سکیورٹی ادارے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی اداروں کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی سکیورٹی ادارے بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کا پامال کرتے ہوئے نوجوانوں پر چھرے دار بندقوں سے حملے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اب تک سینکڑوں نوجوان کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مظاہرے میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی اداروں کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی۔