آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا میں بوائز کے کھیلوں کے مقابلے26 دسمبر سےشروع ہونگے

167
Sports Gala
Sports Gala

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا میں بوائز کے کھیلوں کے مقابلے26 دسمبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہونگے۔

سپورٹس گالا کے آرگنائزنگ سیکرٹری محمد بخش مری نے بتایا کہ سپورٹس گالا میں ملک بھر سے گرلز اور بوائز کے الگ، الگ بورڈز کی ٹیمیں مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ رہی ہیں۔ گرلز کے مقابلے 20 سے 23 دسمبر تک کھیلے جا چکے ہیں جبکہ بوائز کے مقابلے 26 سے 28 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔

گرلز کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور ہاکی کے مقابلے شامل تھے جبکہ مردوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس، والی بال اور کبڈی کے مقابلے شامل ہیں۔

ان کے مقابلوں میں 19 بورڈز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان کوئٹہ،اسلام آباد، بنوں،راولپنڈی،سوات،پشاور، ملتان، لاہور،گوجرانولہ،لارکانہ، سرگودھا،مردان،مالاکنڈ، ڈی آئی خان،فیصل آباد،کراچی، سکھر، ساہیوال اورلاہور ٹیکنیکل بورڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔مقابلوں کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔