آٹو میکانیکا دبئی میں پاکستانی مینوفیکچررز کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش

128
آٹو میکانیکا دبئی میں پاکستانی مینوفیکچررز کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش
آٹو میکانیکا دبئی میں پاکستانی مینوفیکچررز کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش

کراچی۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):پاکستانی مینوفیکچررز کی تیار کردہ مصنوعات کی تین روزہ نمائش آٹو میکانیکا دبئی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ 2سے 4اکتوبر تک جاری رہنے والی نمائش میں6پاکستانی مینوفیکچررز گندھارا ٹائرز، حسین انجینئرنگ ورکس، پاکستان ایکومیولیٹرس، پینتھر ٹائرز، رستگار انجینئرنگ، اور تھل انجینئرنگ نے اپنی تیار کردہ مصنوعات دنیا بھر سے آئے ہوئے خریداروں کے سامنے پیش کیں۔

تفصیلات کے مطابق آٹو میکانیکا دبئی 2023 بدھ کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں مسلسل تین روز تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوگئی۔ آٹو میکانیکا دبئی وسیع مشرق وسطی میں آٹوموٹیو آفٹر مارکیٹ اور سروس انڈسٹری کے لیے سب سے بڑی بین الاقوامی تجارتی نمائش ہے۔آٹو میکانیکا دبئی نمائش میں 6 پاکستانی مینوفیکچررز نے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔آٹو میکانیکا دبئی 2023 کے 20ویں ایڈیشن میں 61 ممالک اور 20سرکاری پویلینز سے 1,938نمائش کنندگان یکجا ہوئے۔

یہ نمائش 14ہالز پر محیط تھی جس میں 154ممالک سے آئے ہوئے 45,000عالمی سامعین کے سامنے مختلف قسم کی جدید مصنوعات، خدمات اور ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی۔آٹومیکانیکا دبئی میں آٹھ خصوصی پروڈکٹ سیکشنز بھی شامل ہیں۔پرزے اور اجزا ، الیکٹرانکس اور سسٹمز، لوازمات اور کسٹمائزنگ، ٹائر اور بیٹریاں، کار واش اینڈ کیئر، تیل اور چکنا کرنے والے سامان، تشخیص اور مرمت اور باڈی اینڈ پینٹ وغیرہ میں خریداروں کی دلچسپی دیکھی گئی۔

گندھارا ٹائرز کے جنرل منیجر علی(مارکیٹنگ) اسد عثمانی نے میلے پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میلے میں طویل عرصے کے بعد شرکت کی، جس میں انہوں نے وسطی ایشیا اور افریقی ممالک کے خریداروں کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز ملاقاتوں کو اجاگر کیا، اس نمائش میں تاجر بھی کافی سرگرم رہے ہیں۔

پاکستان ایکومیولیٹرس میں انٹرنیشنل سیلز مینیجر عثمان قریشی نے نمائش کے ردعمل سے اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم میلے کے نتائج سے بے حد خوش ہیں اور ہم نمائش میں باقاعدگی سے شرکت کر رہے ہیں، اس نمائش میں ہماری شرکت کا مقصد ہماری مصنوعات کی پیشکش کو بڑھانا تھا اور ہمیں یقین ہے کہ ہم نے یہ مقصد حاصل کر لیا ہے۔

پاکستان آٹوموبائل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن پاسپیڈانے آٹو میکانیکا دبئی میں شرکت کے لیے اپنے وی آئی پی خریداروں پر مشتمل ایک وفد کا اہتمام کیا۔پاکستان سے اس نمائش میں مجموعی طور پر 200 سے زائد وزیٹرز نے شرکت کی۔