اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاک افواج کی جانب سے افغان سرحد پر طالبان رجیم کی جارحیت کے خلاف "آپریشن غضبِ للحق" گزشتہ کئی ماہ سے ہماری سرزمین، معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے مسلسل بزدلانہ حملوں کا وہ منہ توڑ جواب ہے جس کا دشمن مستحق تھا،ہم اپنی مسلح افواج کو دشمن کو شکست کی صورت میں واضح پیغام …
مسلح افواج کو دشمن کو شکست کی صورت میں واضح پیغام دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، آپریشن” غضب للحق” پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا بیان

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاک افواج کی جانب سے افغان سرحد پر طالبان رجیم کی جارحیت کے خلاف "آپریشن غضبِ للحق” گزشتہ کئی ماہ سے ہماری سرزمین، معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے مسلسل بزدلانہ حملوں کا وہ منہ توڑ جواب ہے جس کا دشمن مستحق تھا،ہم اپنی مسلح افواج کو دشمن کو شکست کی صورت میں واضح پیغام دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے والی بھارت کی پراکسیز یاد رکھیں کہ انہیں وہی عبرت ناک شکست دی جائے گی جو گزشتہ سال بھارتی جارحیت کو ناکام بنا کر دی گئی تھی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والوں کا انجام انتہائی ہولناک ہوگا، اس آپریشن کے دوران ہماری مسلح افواج نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی 73 چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور کئی دہشت گرد خارجیوں کو واصل جہنم بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کی اس عظیم جنگ میں ہمارے 12 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، 27 زخمی ہوئے اور ایک جوان لاپتہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا لہو وطن کی مٹی کا قرض ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج پوری قوم یکجان ہو کر اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مدبرانہ اور بصیرت انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے پیچھے ایک آہنی دیوار بن کر متحد ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دشمن یاد رکھے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہم ملک و خطے کے امن کو تہدید پہنچانے والے ہر ہاتھ کو توڑنے کا عزم رکھتے ہیں۔








