آپریشن غضب للحق کے دوران فتنہ الخوارج /افغان طالبان رجیم کے 663 دہشت گرد ہلاک، 887 سے زائد زخمی ہوگئے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی آپریشن ”غضب للحق“ کے حوالے سے ایکس پر پوسٹ

آپریشن غضب للحق کے دوران 13 مارچ 2026ء کی سہ پہر 4 بجے تک فتنہ الخوارج /افغان طالبان کے 663 دہشت گرد ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):آپریشن غضب للحق کے دوران 13 مارچ 2026ء کی سہ پہر 4 بجے تک فتنہ الخوارج /افغان طالبان کے 663 دہشت گرد ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہوگئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کی 249 چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ 44 چیک پوسٹیں قبضے میں لے کر تباہ کی گئیں۔ اسی طرح 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپ خانے تباہ کئے گئے۔ افغانستان کے اندر دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے 70 مقامات کو فضائی کارروائیوں میں موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 12 اور 13 مارچ 2026ء کی درمیانی شب پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں سے منسلک تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ کابل، پکتیا اور قندھار میں دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے بشمول لاجسٹک بیسز اور تربیتی کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جاری کردہ ویڈیو سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے نہایت درستگی کے ساتھ صرف ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو افغانستان کے اندر سے دہشت گردی کی معاونت میں بالواسطہ ملوث تھیں اور دہشت گرد کیمپ تھے۔ کسی بھی شہری آبادی یا سول انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

مزید خبریں