پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران امدادی کارکنان کی شجاعت اور بے لوث جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ انسانی ہمدردی پر امدادی کارکنان کی شجاعت، بے لوث خدمات اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور بحرانوں کے دوران صف اول پر خدمات انجام دینے والے امدادی کارکنان کی شجاعت، بے لوث جذبے اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قدرتی آفات اور مشکل و خطرناک حالات کے باوجود، دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ان کا فوری ردعمل، امدادی و بحالی کی سرگرمیوں میں کردار اور ان کا عزم مصمم قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان امدادی کارکنان کے شکر گزار ہیں جو سول سوسائٹی، سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے ساتھ مل کر ناگہانی آفات کے دوران مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ صدر مملکت نے ان کی بروقت امداد اور ہمدردی ان مشکلات کے دوران، متاثرہ اور غیر محفوظ لوگوں کو سہارا فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارکنان معاشروں کو بحرانوں کا مقابلہ کرنے اور ان کے اثرات سے نکلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کا کام انسانی ہمدردی اور احترام انسانیت جیسے عظیم اقدار کی عکاسی کرتا ہے، وہ ایک منظم اور پیشہ ورانہ امدادی طریقہ کار کے ذریعے تشدد، نقل مکانی، بھوک، غربت، معذوری اور محرومی کے شکار افراد کی مدد کے معاون نظام کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے عالمی دن 2026ء کے موقع پر ہم آئینِ پاکستان 1973ء اور پاکستان کے توثیق شدہ انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی حقوق اور احترام انسانیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان بھر میں خدمات انجام دینے والے تمام سماجی کارکنان، کونسلرز، طبی عملے، چائلڈ پروٹیکشن ورکرز اور انسانی حقوق کے امدادی کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ ہمیں اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں کی مدد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بحرانوں میں کوئی بھی فرد بے یار و مددگار نہ رہے

مزید خبریں