وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خدمت خلق ، انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لئے عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں سر فہرست اور عالمی برادری میں ضرورت مندوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی ایک طویل اور قابل فخر روایت کا حامل ملک ہے۔
پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لئے عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں سر فہرست اور ضرورت مندوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی طویل اور قابل فخر روایت کا حامل ملک ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی یوم انسانیت پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خدمت خلق ، انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لئے عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں سر فہرست اور عالمی برادری میں ضرورت مندوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی ایک طویل اور قابل فخر روایت کا حامل ملک ہے۔ (بدھ کو) عالمی یوم انسانیت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی یوم انسانیت پر دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر جذبہ خدمت خلق ،انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے اپنی وابستگی کا تجدید عزم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانیت کی فلاح و بہبود کے اعلیٰ مقصد کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے والے خدمتگاروں، ادراوں اور تنظیموں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عالمی سطح پر یہ دن ہر سال ان 22 انسانیت کے خدمتگاروں کے یاد میں منایا جاتا ہے جو 2003ء میں عراق میں اقوام متحدہ کے دفتر پر بم دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے، یہ دن مصیبت زدہ علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والوں کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر ہمارے لیے قابل فخر ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لئے جذبہِ ہمدردی رکھنے کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔ اقوامِ متحدہ کے امن دستوں میں پاکستان کی شمولیت ہمیشہ نمایاں اور قابل ذکر رہی ہے۔ پاکستان عالمی برادری میں ضرورت مندوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی ایک طویل اور قابل فخر روایت رکھتا ہے۔ لاکھوں افغان مہاجرین کی دہائیوں پر محیط میزبانی کرنے اور علاقائی و عالمی انسانی بحرانوں میں امداد فراہم کرنے میں ہماری قوم نے ہمیشہ فیاضی، ثابت قدمی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ جذبہ انسانیت، مہمان نوازی اور باہمی تعاون کی اقدار ہمارے قومی کردار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اندورن ملک ہماری آئنیی اقدار اور قومی روایات بھی ہماری انسانیت دوست قومی شناخت کی عکاس ہیں۔ کمزور اور محروم طبقات کے حقوق اور وقار کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت موثر اقدامات کے ذریعے تمام افراد کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل ایک باوقار، مساوی اور بااختیار معاشرہ اور مواقع تک رسائی کی منزل کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت انسانی حقوق نے گزشتہ ایک برس میں فلاحی مراکز، تربیتی اداروں اور تحفظ فراہم کرنے والی سہولیات کے نیٹ ورک کے ذریعے پالیسی وعدوں کو بامعنی انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات میں ڈھالا ہے۔ اسی تناظر میں وزارتِ انسانی حقوق بالخصوص خصوصی افراد کے لیے سماجی شمولیت، ضروری شہری خدمات اورسہولیات تک رسائی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خواتین کی سماجی اور معاشی نظام میں شمولیت کے لئے بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر انسانیت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔ مقامی سطح پر بھی انسانی حقوق، سماجی انصاف اور معاشرتی بہبود کے فروغ کے لیے کمزور اور محروم طبقات کا تحفظ، صنفی مساوات، بچوں کا تحفظ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا نا گزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج عالمی یوم انسانیت پر پاکستان اپنے قومی عزم کی تجدید کرتا ہے کہ آئینی اقدار کی رہنمائی میں پاکستان امن اور بحران ہر صورتحال میں انسانیت کی اعلی اقدار کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہے گا کہ کمزور طبقات کو تحفظ، معاونت اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔







