ابوظہبی۔30ستمبر (اے پی پی):ابوظہبی میں بین الاقوامی فیٹل میڈیسن فاؤنڈیشن کانگریس منعقد ہوئی ۔اپنی نوعیت کی منفرد کا نفرنس میں فیٹل میڈیسن کے شعبے کے سرکردہ ماہرین نے شرکت کی ۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام نیوز کے مطابق برجیل ہولڈنگز کی میزبانی میں ہونے والی اس کانگریس میں 14 ممالک کے 500 مندوبین ،فیٹل میڈیسن کے باوا آدم معروف پروفیسر کیپروس نیکولاڈیز سمیت دنیا بھر سے ماہرین شریک ہوئے ۔اس دوران شعبے میں ہونے والی پیش رفت پر 22 پریزنٹیشنز پیش کی گئیں،
جن میں جنین کی خرابیوں کی ابتدائی سکریننگ، پری ایکلیمپسیا، جنین کی نشوونما کے مسائل، مصنوعی پلاسینٹا اور فیٹل سرجری جیسے موضوعات شامل تھے۔متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت ڈاکٹر میثا بنت سالم الشامسی نے صحت کے شعبے کو فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات کو فیٹل میڈیسن میں ایک سرکردہ مقام عطا کرنے میں اس طرح کے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔
کانگریس کا مقصد خطے میں فیٹل میڈیسن کے ڈاکٹروں کے لیے علم کی شراکت، تعاون اور تربیت کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ کانگریس کا دوسرا ایڈیشن نومبر 2025 میں ابوظہبی میں منعقد ہوگا۔فیٹل میڈیسن، یا میٹرنل فیٹل میڈیسن (ایم ایف ایم ) صحت کے ان خدشات کو دور کرنےپر توجہ مرکوز کرتی ہے جن کا سامنا ایک ماں اور جنین کو حمل سے پہلے، دوران اور فوراً بعد ہو سکتا ہے۔ جنین کی دوا ئوں کو پیرینیٹولوجی بھی کہا جاتا ہے۔