ابوظہبی چیمبر آف کامرس کی رکنیت میں 4.9 فیصد اضافہ

ابوظہبی۔28جولائی (اے پی پی):ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ADCCI) کی رکنیت میں 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 4.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس مدت کے دوران چیمبر کے ممبران کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 58 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف ابوظہبی کی کاروباری فضا کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ یہ بھی ثابت …

ابوظہبی۔28جولائی (اے پی پی):ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ADCCI) کی رکنیت میں 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 4.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس مدت کے دوران چیمبر کے ممبران کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 58 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف ابوظہبی کی کاروباری فضا کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود امارات نے کاروبار دوست ماحول کو برقرار رکھا ہے۔

چیمبر کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ دراصل چیمبر کے اُس مؤثر کردار کا مظہر ہے جو وہ نجی شعبے کی ترقی، پائیدار معیشت کے فروغ اور نئے مواقع کی تلاش کے لیے ادا کر رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق زراعت ، جنگلات اور ماہی پروری کےشعبے 21 فیصد اضافے کے ساتھ چیمبر کی رکنیت حاصل کرنے کے حوالے سے سرفہرست رہے، جب کہ آرٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق اداروں کی طرف سے چیمبر کی رکنیت کے حصول میں 13 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنسی اور تکنیکی سرگرمیوں نے بھی 10 فیصد کی شرح سے ترقی کی، جو ابوظہبی کی جدت پسندی اور مستقبل پر مبنی معیشت کی پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹر سپلائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں 9 فیصد نمو دیکھی گئی، جو ماحولیاتی شعور اور سرکلر اکانومی جیسے ماڈلز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ ریئل اسٹیٹ اور ایڈمنسٹریٹو سروسز میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا، جب کہ تعلیم نے 7 فیصد ترقی کے ساتھ مضبوط نجی تعلیمی نظام کی نشاندہی کی۔ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں 6 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھتے ہوئے انفراسٹرکچر اور تجارتی نقل و حمل کی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔ مائننگ اور کوارنگ نے 5 فیصد اور ہول سیل و ریٹیل نے 4 فیصد ترقی کے ساتھ اپنی موجودگی کو مستحکم رکھا۔ رپورٹ کے مطابق تعمیرات، مینوفیکچرنگ اور مالیاتی خدمات میں 3 فیصد، جب کہ ہوٹلنگ اور فوڈ سروسز میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو موسمی تغیرات اور صارفین کے بدلتے رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔

ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈپٹی چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر شامس علی الظاہری نے اس کارکردگی کو ابوظہبی کی ترقیاتی حکمت عملی کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف اسٹریٹجک سیکٹرز میں ممبرشپ میں اضافہ اس بات کی گواہی ہے کہ امارات کا معاشی تنوع پر مبنی وژن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر جدت، اسٹریٹجک شراکت داریوں اور نجی شعبے کی استعداد بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ ابوظہبی کا فوکس صرف روایتی شعبوں پر نہیں بلکہ وہ معیشت کو جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست پالیسیوں اور علمی بنیادوں پر استوار کر رہا ہے جو آنے والے وقت میں پائیدار ترقی اور عالمی مسابقت میں اس کے مقام کو مزید مستحکم بنائے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔