اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے 27 فروری کو پاکستان کا دورہ کیا۔
جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کے ولی عہد کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا، ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا جس میں وزراءاور اعلیٰ حکام کے علاوہ ممتاز کاروباری رہنما بھی شامل تھے۔
ترجمان نے کہا کہ دورے کے دوران بینکنگ، ریلوے، کان کنی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں مفاہمت کی پانچ یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔