اب امن کے بارے میں نہیں سوچتا، امریکی صدر نے گرین لینڈ پر قبضے کو نوبیل انعام سے جوڑ دیا

واشنگٹن۔20جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی مہم کو انہیں نوبیل امن انعام نہ دیے جانے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اب وہ امن کے بارے میں نہیں سوچتے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جزیرے کے بارے میں امریکی صدر کے ارادوں سے تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے اور یورپ کے ساتھ تجارتی جنگ کے خطرات پیدا ہوئے ہیں۔ایک انٹرویو میں …

واشنگٹن۔20جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی مہم کو انہیں نوبیل امن انعام نہ دیے جانے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اب وہ امن کے بارے میں نہیں سوچتے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جزیرے کے بارے میں امریکی صدر کے ارادوں سے تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے اور یورپ کے ساتھ تجارتی جنگ کے خطرات پیدا ہوئے ہیں۔ایک انٹرویو میں جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ گرین لینڈ پر قبضے کے لیے فوج استعمال کریں گے تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھر یہ عزم دوہرایا کہ اگر معاہدہ نہ ہو سکا تو یورپی ممالک کو ٹیرف کا نشانہ بنایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے نیٹو کے رکن ڈنمارک سے گرین لینڈ کا اختیار حاصل کرنے کے لیے دباؤ کے سلسلے کو مزید تیز کر دیا ہے جس کے بعد یورپی یونین بھی جوابی اقدام کے لیے تیاری پر مجبور ہو گیا ہے۔اس تنازع سے نیٹو کے اتحاد کے لیے شدید خطرات پیدا ہوئے ہیں جو کئی دہائیوں سے مغربی ممالک کی سلامتی کو محفوظ بناتا آیا ہے اور جو پہلے ہی یوکرین کی جنگ کے باعث دباؤ کا شکار ہے جبکہ صدر ٹرمپ کے اس اعلان نے بھی اس کی پریشانی بڑھائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یورپ کے اتحادیوں کا جنگوں میں ساتھ تب تک نہیں دیا جائے گا جب وہ دفاعی اخراجات نہیں بڑھاتے۔صدر ٹرمپ کی دھمکی سے یورپ کے صنعتی شعبے کو شدید جھٹکا لگا ہے اور اس کو معاشی منڈیوں میں مسائل کا سامنا ہے۔