وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے احتجاجی عناصر پر زور دیا ہے کہ وہ احتجاج ختم کرکے مذاکرات کی میز پر آئیں، حکومت کشمیریوں سے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کے ساتھ مزید مراعات دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
احتجاجی عناصر احتجاج ختم کرکے مذاکرات کی میز پر آئیں،کشمیریوں سے کئے جانے والے معاہدے پر عملدرآمد کریں گے ،مزید مراعات بھی دیں گے، انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ احتجاجی عناصر احتجاج ختم کرکے مذاکرات کی میز پر آئیں،کشمیریوں سے کئے جانے والے معاہدے پر عملدرآمد کریں گے اور مزید مراعات بھی دیں گے۔
وہ پیر کو یہاں ہجیرہ سے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی کامران بشیر گورسی کی مسلم لیگ (ن )میں شمولیت کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 27 جولائی کو انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں ووٹ کی پرچی سے کشمیری عوام اپنے نئے نمائندوں کا انتخاب کریں گے،پھر ان کی اسمبلی فیصلے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ چند اضلاع کے علاوہ پورے کشمیر میں کہیں احتجاج نہیں ہے ،اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں،ہم احتجاج کرنے والوں کو بھی کہنا چاہتے ہیں کہ عوامی حقوق کے لئے ہم ان کے ساتھ ہیں تاہم ایسے راستے کا انتخاب درست نہیں جہاں احتجاج کی وجہ سے عام لوگوں کو تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کالعدم کمیٹی کے ساتھ معاہدہ کیا اور اس پر عملدرآمد کیاہے،یہ سلسلہ جاری رہے گا،احتجاج کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں کہ معاہدہ پر عملدرآمد ختم کیا جارہا ہے جو درست نہیں ہے،اگر عوام کو سستا آٹا ملتا ہے وہ ملتا رہے گا،سستی بجلی بھی ملتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مزید مراعات بھی دیں گے،احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہونا،اس لئے احتجاج ختم کریں پھر بات کریں تو اس کا احترام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،کشمیر اور افواج کی جہاں بات ہو وہاں ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کامران بشیر گورسی کو بڑی جماعت میں شمولیت پر ان کا خیر مقدم کرتے ہیں،ان کو جائز مقام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کامران گورسی مسلم لیگ (ن )کے امیدوار عامر الطاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔








