لاہور۔26جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنے کے نام پر شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب میں دفعہ 144 لگائی گئی ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
جمعہ کو جاری بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ جو جماعت 2014 سے سڑکوں پر ہے تین دن گھروں میں آرام کر لے، تحریک انصاف کی سیاسی تاریخ سڑکوں اور چوک چوراہوں کے گرد ہی گھومتی ہے، پاکستان میں انتشار افراتفری اور ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہی دھرنا پارٹی کا ایجنڈا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے قیدی کا مشن دھرنوں کے ذریعے ہی اقتدار میں پہنچنا ہے لیکن اب پہلے جیسی سہولت کاری دستیاب نہیں اور نہ ہی دھرنے کے لیے وہ فنانسر میسر ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے بنوں میں افسوسناک واقعے پر ابھی بہت سارے سوالات موجود ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام کی بدقسمتی کہ ان پر خرچ ہونے والا پیسہ اگلے پانچ سال تک دھرنوں اور احتجاج پر خرچ ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کے عوام کو سستی روٹی، سستا آٹا، مفت ادویات دے رہی ہیں جبکہ خیبر پختونخواکے عوام 11 سال سے انقلابی تقریروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے سے پیٹ بھر رہے ہیں۔