"رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران ملک میں 92 فیصد ریٹیل ادائیگیاں مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے انجام دی گئیں، جو ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قبولیت کا مظہر ہے۔”
ادائیگیوں کے مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 92 فیصد ریٹیل ادائیگیاں کی گئیں
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):ادائیگیوں کے مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 92 فیصد ریٹیل ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ادائیگیوں کے حوالے سے جاری سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ 2026 کے دوران بینکنگ سسٹمز کے ذریعے 3.7 ارب ریٹیل پیمنٹس کی گئی ہیں جن کا مجموعی حجم 168.8 ٹریلین روپے رہا ہے ۔ اس عرصہ کے دوران کی گئی مجموعی ٹرانزیکشنز میں سے 92 فیصد ریٹیل ادائیگیاں مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کی گئی ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں تیسری سہ ماہی کے دوران ریٹیلز ٹرانزیکشنز کی شرح میں 9 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا مارچ کے دوران موبائل بینکنگ ایپس اینڈ والٹس، انٹرنیٹ بینکنگ پورٹلز، اے ٹی ایمز، پی او ایس مشینز، ای کامرس پلیٹ فارمز اور دیگر چینلز کے ذریعے 3.4 ارب ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں جو اس عرصہ کے دوران 3.7 ارب مجموعی ریٹیل پیمنٹس کے 92 فیصد کے مساوی ہیں۔ ان ٹرانزیکشنز کے ذریعے 68.3 ٹریلین روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جبکہ دوسری سہ ماہی میں 64.4 ٹریلین روپے کا لین دین کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے فنانشنل ایکو سسٹم میں ڈیجیٹل پیمنٹس چینلز کے استعمال میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس سے نہ صرف انفرادی بلکہ کاروباری سطح پر بھی رقوم کی ترسیل اور وصولی میں آسانی پیدا ہوئی ہے









