وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے فنکاروں کے وفد کی ملاقات

"وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) کلچر ونگ خیبر پختونخوا کے فنکاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ثقافتی سرگرمیوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”

پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ، کینٹ پشاور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کلچر ونگ خیبر پختونخوا کی صوبائی صدر سعیدہ خان کی قیادت میں فنکاروں کے ایک وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران معروف پشتو گلوکار الماس خلیل، اکبر علی، گل جی، سمت شاہ اور عمران نے اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شامل ہونے والے فنکاروں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارٹی کیپس پہنائیں، انہیں شمولیت پر مبارکباد دی اور پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ملاقات کے دوران فنکار برادری کو درپیش مسائل، ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے فنکاروں کے معاشرے میں مثبت کردار، ثقافت کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنکار کسی بھی معاشرے کی تہذیبی شناخت اور ثقافتی ورثے کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں۔انہوں نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ان کے حل کےلیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ فنکار برادری کو درپیش جائز مسائل کے حل کےلیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفد نے فنکار برادری کے مسائل میں خصوصی دلچسپی لینے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرانے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔