اساتذہ معاشرے کے وہ مشعل بردار ہیں جن کا علم، کردار اور خدمات ان کے بعد بھی زندہ رہتی ہیں، ڈاکٹر ناصر محمود

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کے وہ مشعل بردار ہیں جن کا علم، کردار اور خدمات ان کے بعد بھی زندہ رہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کونسل کے تحت عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کے وہ مشعل بردار ہیں جن کا علم، کردار اور خدمات ان کے بعد بھی زندہ رہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کونسل کے تحت عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کا رتبہ ہمارے دین اور معاشرے میں والدین کے برابر قرار دیا گیا ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم بحیثیت استاد خود کو اس مقام کا اہل ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ معاشرے میں اب بھی اساتذہ کو عزت و احترام حاصل ہے اور ہمیں اس روایت کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ قومی ترقی کا دار و مدار تعلیم پر ہے اور اساتذہ اس عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیئے جو خاموشی سے قوم کے بچوں کے مستقبل کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔ تقریب میں مختلف سرکاری و نجی سکولوں اور مدارس کے ان اساتذہ کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے تدریس کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اس موقع پر چیئرمین نظریہ پاکستان کونسل میاں محمد جاوید، سابق سفیر افراسیاب مہدی ہاشمی، سابق سینیٹر روزینہ عالم خان اور دیگر معروف شخصیات نے بھی خطاب کیا اور اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہمیشہ سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت تعلیم کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے گی تاکہ ہر بچہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکے۔