استور ،محکمہ خوراک عوام کی فلاح و بہبود کے لیےمعیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے،سیکرٹری خوراک

67

استور ،11 فروری (اے پی پی):سیکرٹری خوراک گلگت بلتستان صفدر خان سے عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں فدا حسین اور حاجی کمان خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوام کو درپیش مسائل، آٹے کے معیار اور تقسیم کے نظام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔سیکریٹری خوراک صفدر خان نے اس موقع پر واضح کیا کہ آٹے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اگلے ہفتے سے عوام کو معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام فیلڈ آفیسران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے سٹیشن پر موجود رہیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر رجسٹریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 2023 کی مردم شماری کے مقابلے میں زیادہ افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔

2023 کی مردم شماری کے مطابق گلگت بلتستان کی آبادی 17,10,907 تھی، جبکہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک 17,34,674 افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے،اور ساتھ ہی نادرا سے ڈیٹا کی تصدیق کا عمل بھی جاری ہے جس کے بعد حقیقی صورتحال سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک گلگت بلتستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے سیکریٹری خوراک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان اصلاحات کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے خوراک کے نظام میں بہتری اور شفافیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔