اسرائیلی فضائیہ کے لبنان میں حملے ، حزب اللہ نے اسرائیل کی طرف 55 پروجیکٹائل فائر کر دیئے

127

تل ابیب۔20اگست (اے پی پی):اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات لبنان میں حزب اللہ کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل کی طرف 55 پروجیکٹائل فائر کئے گئے۔ تاس کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کہا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جنوبی لبنان میں منصوری اور طیبہ کے علاقوں میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے دو راکٹ لانچرز پر حملے کئے ۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ان لانچرز سے اسرائیل کی طرف پروجیکٹائل فائر کئے جانا تھے۔

اسرائیلی آرمی کی پریس سروس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ پروجیکٹائلز کو فضائی دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے روک لیا اور باقی ایسے علاقوں میں گرے جہاں کوئی آبادی نہیں تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے کچھ شمالی علاقوں میں گرنے والے پروجیکٹائل کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی جس کو بجھایا جا رہا ہے ۔آرمی پریس سروس کے مطابق پروجیکٹائلز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔