اسرائیل شام کو لا متناہی افراتفری کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، صدر احمد الشراع

شامی صدر احمد الشراع نے ملک کے جنوبی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اسرائیلی کوششوں کی مذمت کی ہے۔

دمشق۔1جولائی (اے پی پی):شامی صدر احمد الشراع نے ملک کے جنوبی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اسرائیلی کوششوں کی مذمت کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اب ہماری پاکیزہ سرزمین کو دوبارہ افراتفری کا کبھی نہ ختم ہونے والا میدان بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کے ذریعے وہ ہمارے عوام کے اتحاد کو توڑنے اور ہماری تعمیر نو اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کی صلاحیتوں کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام بیرونی سازشوں کے لیے تجربہ گاہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ دوسروں کے مفادات کی تکمیل کی جگہ ہے۔ شامی صدر کا یہ بیان اسرائیلی افواج کی جانب سے جنوبی صوبہ درعا کے دیہات عابدین، جملہ اور تل المغر پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے جہاں گزشتہ پیر کو توپ خانے سے بمباری اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی حملے کیے گئے۔ سول ڈیفنس کے مطابق 29 جون کو بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور مالی نقصان بھی ہوا۔ شامی وزارت خارجہ نے درعا اور قنیطرہ کے جنوبی صوبوں میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے پس منظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک خط ارسال کیا ہے۔