کیلین ایمباپے کے 2 گولز کی بدولت فرانس سویڈن کو ہرا کرفیفا ورلڈ کپ 2026کے ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچ گیا

فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026کے رائونڈ 32 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد سویڈن کو 0-3 سے ہرا کر ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

نیویارک۔1جولائی (اے پی پی):فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026کے رائونڈ 32 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد سویڈن کو 0-3 سے ہرا کر ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ شنہوا کے مطابق ٹاپ 32 کے اس میچ میں فرانس کے سٹار فارورڈ کیلین ایمباپے نے 2 اور بریڈلی بارکولا نے 1 گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں فرانس نے کھیل پر مکمل برتری حاصل کیے رکھی، تاہم میچ کا پہلا گول 45 ویں منٹ میں کیلین ایمباپے نے مائیکل اولیس کے پاس پر داغ کر ٹیم کو سویڈن کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی۔ دوسرے ہاف کے 53 ویں منٹ میں بریڈلی بارکولا نے اولیس کی ایک اور بہترین پاس کی مدد سے گیند کو نیٹ کی راہ دکھا کر فرانس کی برتری کو0-2 کر دیا۔ میچ کے 74 ویں منٹ میں مائیکل اولیس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرا اسسٹ فراہم کیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرانسیسی کپتان کیلین ایمباپے نے میچ میں اپنا دوسرا گول سکور کیا۔ اس گول کے ساتھ ہی کیلین ایمباپے کے ورلڈ کپ تاریخ میں مجموعی گولز کی تعداد 18 ہو گئی ہے، اور وہ لیونل میسی کے عالمی ریکارڈ سے محض 1 گول دور ہیں۔ اب راؤنڈ آف 16 کے بڑے مقابلے میں فرانس کا سامنا پیراگوئے سے ہوگا، جس نے جرمنی کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہرا کر اپ سیٹ کیا تھا۔