اسرائیل فلسطین جنگ ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ہو گا

76
اسرائیل فلسطین جنگ ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ہو گا

اقوام متحدہ ۔24اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اسرائیل فلسطین جنگ کےحوالے سے اجلاس جمعرات کو ہو گا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے صدر نے یہ اعلان رکن ممالک کے نام ایک خط میں کیا ہے۔

سلامتی کونسل اب تک جنگ سے متعلق کسی قرارداد پر اتفاق کرنے میں ناکام رہی ہے لیکن عرب و دیگر ممالک کے ایک گروپ بشمول اردن، روس، شام، بنگلہ دیش، ویتنام اور کمبوڈیا نے جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس سے میٹنگ شیڈول کرنے کے لیے باضابطہ طور پر درخواست کی۔

واضح رہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعے پر منقسم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ ہفتے ایک روسی قرارداد کے مسودے کو مسترد کر دیا جس میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔15 رکن ممالک میں سے صرف پانچ نے اس متن کی حمایت کی جس میں شہریوں کے خلاف تمام تشدد اور دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی مذمت کی گئی تھی،

تاہم حماس کا نام نہیں لیا گیا ،اس کے بعد امریکا نے برازیل کی طرف سے پیش کی گئی دوسری قرارداد کو ویٹو کر دیا کیونکہ متن میں اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کا ذکر نہیں تھا۔

کونسل کے 15 میں سے 12 ارکان نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جس میں حماس حملوں کی بھی مذمت کی گئی جبکہ روس اور برطانیہ نے اس میں حصہ نہیں لیا۔سلامتی کونسل جمعرات کی صبح10بجے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل آج ( منگل کو) اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے اجلاس کرے گی۔