اقوام متحدہ ۔5نومبر (اے پی پی):ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل فلسطین کے معاملے میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں جاری رکھتا ہے تو اسے اقوام متحدہ سے خارج کر دیا جائے ۔ یواین نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے ایک مسّودہ قرارداد تیار کر رہے ہیں جس میں فلسطین کے معاملے پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کی صورت میں اسرائیل کو اقوام متحدہ سے نکالنے کی تجویز پیش کی گئی ۔
ملائیشیا کی پارلیمنٹ میں مذکورہ مسّودے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ ملائیشیا اس مرکزی گروپ میں شامل ہو گیا ہے جو بین الاقوامی عدالت انصاف سے اقوام متحدہ کی تنظیموں کی سرگرمیوں اور وجود سے متعلق اسرائیل کے حقِ منظوری کے بارے میں مشورہ طلب کرنے والی قرارداد تیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا ہےکہ جنرل اسمبلی سے منظور ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ کا ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین ‘انروا’ غزہ، دریائے اردن کے مغربی کنارے، اردن، لبنان اور شام میں فلسطینیوں کی مدد جاری رکھ سکے گا۔
ا ن کا کہنا تھا کہ قرارداد کے مسودے پر مذاکرات جاری ہیں اور جلد ہی اسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔