اسرائیل کی جنگ سے تباہ حال غزہ کی تعمیرنو پرساڑھے 48 کروڑڈالرلاگت آئے گی، عالمی بنک

World Bank
World Bank

غزہ۔9جولائی (اے پی پی):عالمی بنک نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی حالیہ بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں اور شہری ڈھانچے کی تعمیرنو پر ساڑھے 48 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق عالمی بنک نے گزشتہ روزایک رپورٹ میں کہا ہے کہ عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 38 کروڑ ڈالر ہے۔اس کے علاوہ اس جنگ سے غزہ میں 19 کروڑ ڈالر کا صرف معاشی نقصان ہوا ہےجبکہ اسرائیل کے محاصرے کا شکاراس علاقے میں پہلے ہی بے روزگاری کی شرح 50 فی صد سے زیادہ ہے۔

عالمی بنک کے غزہ اور غربِ اردن میں ڈائریکٹر کانتان شنکرنے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے لیے یہ بدقسمتی کی ایک اور قسط تھی اور وہ اس تنازع اور تباہی کے درمیان پھنس کررہ گئے تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے مئی میں 11 روزہ جنگ کے دوران میں غزہ میں شہری علاقوں پر تباہ کن بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں عالمی بنک کے مطابق چارہزار سے زیادہ مکانات اور عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔اسرائیل کے فضائی حملوں میں 260 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ان میں 67 کم سن بچے تھے اور39 خواتین بھی شامل تھیں۔