اسرائیل کے ساتھ لڑائی کے باعث لبنانی سرحدوں کی نگرانی کرنے کی ہماری صلاحیت محدود ہو گئی ہے، یو این امن مشن

95

بیروت۔20نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے امن مشن( یو این آئی ایف ایل)نے کہا ہے کہ اس کی لبنان کی سرحدوں کی نگرانی کرنے کی صلاحیت بہت محدود ہو گئی ہے۔

العربیہ اردو نے یو این آئی ایف ایل کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ جاری تنازعے میں ہمارے ٹاورز کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ہماری نگرانی کرنے کی صلاحیت بہت محدود ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن نے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ اپنے 3 افسران کو واپس بلا لے گا۔اسرائیل نے یو این آئی ایف ایل فورسز سے جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا تھا جسے بین الاقوامی فوج نے مسترد کر دیا ۔

لبنان میں اقوام متحدہ کی امن مشن فورس یو این آئی ایف ایل مارچ 1978میں سلامتی کونسل کی قراردادوں 425 اور 426 کے ذریعے قائم کی گئی تھی جس کا مقصد لبنانی علاقے سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر امن وامان برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔لبنان میں یو این آئی ایف ایل کے 48 ممالک کے تقریباً 10,150 فوجی تعینات ہیں۔