اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کا بنیادی مراکز صحت کمانوالہ اور بوتھ کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

182
Assistant Commissioner Sialkot Anam Babar

سیالکوٹ۔8جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنرسیالکوٹ انعم بابر نے بنیادی مراکز صحت کمانوالہ اور بوتھ کا دورہ کیا ، اور عملے کی حاضری ،ادویات کا ریکارڈ، جنرل آئٹمز سٹور ،وارڈز اور آلات جراحی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عملے کی کارکردگی ، لیبر روم کی صفائی کی ناقص صورتحال، سکیورٹی انتظامات نہ ہونے اور وائٹل کاؤنٹر مکمل طور پر غیر فعال ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے اور مرکز صحت کی جو بھی ضروریات ہیں ان سے آگاہ کرے تاکہ انہیں پورا کیا جائےاور مریضوں کےلیے بروقت سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے بی ایچ یو میں ملنے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ مریضوں سمیت خاص طور پر زچہ بچہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اس ضمن میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔