اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئےمسلم امہ کا اتفاق وقت کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے مسلم امہ پر زور دیا ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسلامو فوبیا کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے یورپین حکمرانوں کو بین الاقوامی فورمز پر جوابدہ بنائیں، یہ وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم امہ اسلامو فوبیا کو روکنے کیلئے باہمی اتفاق رائے کو فروغ دے جیسا کہ مسلم امہ کا اجتماعی ردعمل اسطرح کے عناصر کے خلاف بہت موثر رہے گا۔ بدھ کو ریڈیو پاکستان کے کرنٹ افیئرز پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں اسلامی مراکز اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون بڑھائیں۔ نورالحق قادری نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر پوری مسلم دنیا شدید غم و غصہ اور تکلیف میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے فرانسیسی صدر کے اسلاموفوبیا بیان کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے اور انہوں نے بھرپور انداز میں اس کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں بھی اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا کے بارے بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے بیان نے مسلم اکثریتی ممالک میں غم و غصے کو جنم دیا ہے، پاکستانی حکومت توہین رسالت کے معاملے پر مختلف مسلم ممالک کو خط لکھے گی کہ اپنے سفیروں کو مظاہرے کیلئے بھیجیں۔