خرم شہزاد ریاض۔19نومبر (اے پی پی):اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 کے پہلے روز گریکو رومن ریسلنگ میں زبردست مقابلے دیکھنے میں آئے جہاں چار ویٹ کیٹیگریز 60 کلوگرام، 67 کلوگرام، 77 کلوگرام اور 87 کلوگرام میں خطے کے بڑے پہلوان آمنے سامنے ہوئے۔ ریاض میں منعقدہ گیمز کے چھٹے ایڈیشن کے اس ابتدائی روز ایران، ازبکستان، کرغزستان اور آذربائیجان کے پہلوانوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میڈلز کی دوڑ میں برتری …
اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025: ریسلنگ کے پہلے روز ایران، ازبکستان اور کرغزستان کے پہلوانوں کا راج

مزید خبریں
خرم شہزاد
ریاض۔19نومبر (اے پی پی):اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 کے پہلے روز گریکو رومن ریسلنگ میں زبردست مقابلے دیکھنے میں آئے جہاں چار ویٹ کیٹیگریز 60 کلوگرام، 67 کلوگرام، 77 کلوگرام اور 87 کلوگرام میں خطے کے بڑے پہلوان آمنے سامنے ہوئے۔ ریاض میں منعقدہ گیمز کے چھٹے ایڈیشن کے اس ابتدائی روز ایران، ازبکستان، کرغزستان اور آذربائیجان کے پہلوانوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میڈلز کی دوڑ میں برتری حاصل کی۔67 کلوگرام کیٹیگری میں اولمپک اور عالمی چیمپئن سعید اسماعیلی (ایران) نے ایک ناقابل یقین کم بیک کرتے ہوئے آذربائیجان کے حسرات جعفروف کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔
پہلے میچز میں بھی اسماعیلی نے اپنی دھاک بٹھائی اور سیمی فائنل میں ازبکستان کے ایتجان خالمخانون کو 9-0 سے مات دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔60 کلوگرام کیٹیگری میں ازبکستان کے علیشر گانیف نے بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے پہلے کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد نِہات ممادلی کو ہرایا جبکہ سیمی فائنل میں ایران کے علی احمدی وفا کو 8-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔کرغزستان کے اکژول مخمدوف جو طویل عرصے بعد بین الاقوامی میٹ پر واپس آئے، نے 77 کلوگرام میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے قطر کے شاہین بداگی موفراد کو 5-3 سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی اور اس کیٹیگری میں سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔87 کلوگرام مقابلوں میں ایران کے غلام رضا فروخی نے انتہائی سنسنی خیز سیمی فائنل میں کرغزستان کے اسن ژانیشوف کو آخری 30 سیکنڈز میں ٹیک ڈائون کر کے 7-6 سے شکست دی اور بعد ازاں شاندار کارکردگی کے ساتھ گولڈ میڈل بھی جیت لیا۔دن بھر جاری رہنے والے مقابلوں میں پہلوانوں نے ٹیکنیکل سپیریئرٹی، شاندار تھروز اور جارحانہ حکمت عملی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
آذربائیجان، ازبکستان اور قازقستان کے پہلوانوں نے بھی متعدد کیٹیگریز میں مضبوط آغاز کرتے ہوئے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کی اور پہلے روز ریسلنگ ایونٹ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔اسلامک سالیڈیرٹی گیمز کے ریسلنگ مقابلے کل بھی جاری رہیں گے جن میں مزید کیٹیگریز کے فائنلز شامل ہوں گے جبکہ شائقین کو بڑے اپ سیٹس اور دلچسپ مقابلوں کی امید ہے۔








