اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت اور بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال ، شہریوں کی سلامتی اور علاقائی استحکام کو لاحق خطرے پر بات چیت کے لیے وزارتی سطح پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی غیرمعمولی اجلاس کی تیاریوں کو حتمی شکل دےدی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس سعودی عرب کی میزبانی میں ہورہا ہے جو اس وقت اسلامی تعاون تنظیم اور ایگزیکٹو کمیٹی کا موجودہ سربراہ ہے۔ اجلاس (آج) بدھ کو جدہ میں تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگا۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے کہا ہے کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب فلسطینی عوام المناک حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ تنظیم کے ایجنڈے میں ایک اعلیٰ ترجیحی مسئلہ ہے اور اسے رکن ممالک کی مسلسل حمایت حاصل ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کمیٹی کی مضبوط اور متحد پوزیشن اپنانے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔