اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینسرکے مریضوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مفت ادویات کی فراہمی کے معاہدے کی تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات حکومت پاکستان اور ادویہ ساز …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینسرکے مریضوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مفت ادویات کی فراہمی کے معاہدے کی تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات حکومت پاکستان اور ادویہ ساز کمپنی ’’روش‘‘ کے مشترکہ تعاون سے فراہم کی جائیں گی، پانچ سالہ منصوبہ سے کینسرکے ہزاروں مریض مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پمز ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی جس میں سے 70فیصد اخراجات کمپنی جبکہ باقی 30فیصد اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی، عوام کومعیاری علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تقریباً745 مریض جو کینسرکے علاج کےلئے پمز ہسپتال آئیں گی، ان کے علاج کےلئے ادویات مفت فراہم کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ کینسرکے علاج کےلئے تقریباً ایک کروڑ مالیت کی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی، کینسرجیسی موذی بیماری پورے خاندان کو تباہ کردیتی ہے، دوا ساز کمپنی ’’روش‘‘ پاکستان کے پاس 3 طرح کے کینسرکے علاج کی ادویات ہیں ، ان ادویات سے چھاتی کے کینسر، پھیپھڑوں کے کینسر اور لیور کینسر کا علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ حکومت پاکستان اور تقریباً90 لاکھ کمپنی فراہم کرے گی، یہ پہلا مرحلہ ہے کہ پبلک پرائیویٹ کا اعتماد بحال ہوگا تو مزید منصوبے بھی شروع ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئربیماری سے بچانے کا نام ہے، وزیراعظم کی رہنمائی اور فکر مندی سے ہم صحت کے شعبے میں بہتری لارہے ہیں، پمز ہسپتال سے اس منصوبے کا آغاز ہوگا۔