اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی و نان کی زائد قیمت لینے والے تندوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 تندور مالکان کو گرفتار کرکے 7 تندور سیل کر دیئے ہیں۔
بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انتظامیہ نے اسلام آباد میں روٹی و نان کی قیمتوں کے معاملہ کے حوالے سے روٹی و نان کی زائد قیمت لینے والے تندوروں کے خلاف ایکشن لیا۔اے سی صدر کی جانب سے مختلف تندوروں پر قیمتوں کی انسپکشن کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر نےجی 13 میں زائد قیمت وصول کرنے والے 10 تندور مالکان کوگرفتار کرکے 7 تندور سیل کردیا ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نےتمام تندوروں پر قیمتیں چیک کرنے کی ہدایت کی ہے،شہری ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق قیمت ادا کریں،زائد رقم وصول کرنے والے تندوروں کی فی الفور شکایت کریں۔