پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج 2026 کی پہلی افتتاحی پرواز روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت کامیابی سے روانہ ہو گئی
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج 2026 کی پہلی پرواز روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت روانہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج 2026 کی پہلی افتتاحی پرواز روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت کامیابی سے روانہ ہو گئی، جس کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت سے حج آپریشنز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ رواں سال حج آپریشن کے دوران تقریباً 38 ہزار سے 39 ہزار عازمین اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کریں گے، جو کہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ افتتاحی پرواز SV-5723 اسلام آباد سے مدینہ کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 270 عازمین حج اور 10 رکنی عملہ سوار تھا۔ پرواز صبح 11:00 بجے گیٹ اے۔2 سے روانہ ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ مملکت سعودی عرب کے نائب سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزارت مذہبی امور کے سینئر حکام، جن میں جوائنٹ سیکریٹری اور ڈائریکٹر حج شامل تھے، اور سعودی سفارتخانے کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔دیگر معزز شرکاء میں سعودی ہیڈ آف آپریشنز، منیجر آپریشنز روٹ ٹو مکہ، چیف آپریٹنگ آفیسر/ائیرپورٹ مینیجر، کمانڈر نارتھ اے این ایف اور ڈائریکٹر نارتھ/چیف سکیورٹی آفیسر اے ایس ایف شامل تھے۔ وفاقی وزیر کو گیٹ اے۔2 پر آمد کے موقع پر روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر عازمین حج کو پھول پیش کیے گئے اور انہیں دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔








