اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بگروٹ میں 10، بونجی 4، گوپس 2، بالاکوٹ 5، دیر (بالائی ایک) اور بارکھان میں 3 ملی میٹر یکارڈ کی گئی۔
پیر کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق تربت میں درجہ حرارت 49، سبی، دادو، چھور، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد 47، سکرنڈ، بھکر اور پڈعیدن میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔