اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وین کا اے پی پی ہیڈ آفس کا دورہ، سو سے زائد مرد و خواتین ملازمین کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق امور خوش اسلوبی سے نمٹائے گئے

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وین نے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں سو سے زائد مرد و خواتین ملازمین کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق امور خوش اسلوبی سے نمٹائے گئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اے پی پی ملازمین بالخصوص صحافیوں کے لیے خصوصی ٹیم مقرر کی گئی تھی جو …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وین نے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں سو سے زائد مرد و خواتین ملازمین کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق امور خوش اسلوبی سے نمٹائے گئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اے پی پی ملازمین بالخصوص صحافیوں کے لیے خصوصی ٹیم مقرر کی گئی تھی جو صبح 9 بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک اے پی پی ہیڈ آفس میں موجود رہی۔

ٹیم نے اس دوران ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر لائسنس کے اجراء، گمشدہ لائسنسوں کے دوبارہ اجراء سمیت دیگر تمام معاملات موقع پر حل کیے۔اے پی پی کے ملازمین نے اپنی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات کی فراہمی پر مینجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی، چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ سہولت قابل تحسین ہے ،جس سے صحافی برادری اور ملازمین کو خاصی آسانی میسر آئی۔اس موقع پر ٹریفک پولیس کی ٹیم نے اے پی پی ملازمین کی ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی اور ان کی انتظامی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ملازمین نے توقع ظاہر کی کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس آئندہ بھی شہریوں کی سہولت کے لیے اسی طرح کی سرگرمیاں جاری رکھے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔