اسلام آباد ٹریفک پولیس کی نئی چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوراً بعد تمام زونل ڈی ایس پیز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک مینجمنٹ، قوانین کے نفاذ اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی نئی چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کی نئی چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوراً بعد تمام زونل ڈی ایس پیز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک مینجمنٹ، قوانین کے نفاذ اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق نئی سی ٹی او نے چارج سنبھالنے کے بعد شہر کے ٹریفک نظام اور سڑکوں پر تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظم و ضبط کا فروغ، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔کائنات اظہر خان نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد مزید مؤثر بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے لین کی خلاف ورزی، ون وے کی خلاف ورزی،ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، غیر معیاری اور غیرقانونی نمبر پلیٹس، کم عمر ڈرائیوروں، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔اجلاس کے دوران انہوں نے تمام زونل افسران کی کارکردگی کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی اور جانچ کا بھی حکم دیا تاکہ محکمانہ کارکردگی اور جوابدہی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سی ٹی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مؤثر انتظامی حکمت عملی اور جدید ٹریفک مینجمنٹ طریقوں کے ذریعے اسلام آباد کے ٹریفک نظام کو مزید محفوظ، منظم اور شہری دوست بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس دستیاب تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔







