اسلام آباد ٹیکنوپولس پراجیکٹ کے اگلے مرحلے کی لاگت 1.54 ارب روپے مقرر

کابینہ ڈویژن نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی)27 ۔ 2026 کے تحت اسلام آباد ٹیکنوپولس منصوبے کے اگلے مرحلے کے لئے 1,543 ملین روپے کی منظوری طلب کر لی ہےجو وفاقی دارالحکومت کو جدت اور ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کا عندیہ ہے۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):کابینہ ڈویژن نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی)27 ۔ 2026 کے تحت اسلام آباد ٹیکنوپولس منصوبے کے اگلے مرحلے کے لئے 1,543 ملین روپے کی منظوری طلب کر لی ہےجو وفاقی دارالحکومت کو جدت اور ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کا عندیہ ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق منصوبے کی کل منظور شدہ لاگت 1.98 ارب روپے ہے جس میں سے 30 جون 2025 تک 303.7 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ پی ایس ڈی پی 26-2025 کے تحت اس منصوبے کے لئے 138.28 ملین روپے مختص کئے گئے تھے۔

منصوبے کا مقصد جدید ترین انفراسٹرکچر کی فراہمی ہے جس میں باؤنڈری وال، 132 کے وی بجلی کی ترسیلی لائن، پانی کی ترسیلی لائن، گیس لائن، نکاسی آب کے کلورٹس اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری شامل ہے۔یہ منصوبہ ہائی ٹیک اور جدید حلوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات میں اضافے کے لئے ایک محرک کا کردار بھی ادا کرے گا جبکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔یہ اقدام عالمی ٹیکنالوجی مراکز سے علم کی منتقلی کو فروغ دے کر اور ٹیکنالوجی برآمدات کو بڑھا کر پاکستان کے معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنے پر مرکوز ہے۔

مزید برآں اس کا مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا، ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا اور بالآخر قومی آمدنی میں بہتری لانا ہے۔اگر اس منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا تو یہ ملک کی عالمی مسابقت میں اضافہ کرے گا اور پاکستان کو ٹیکنالوجی جدت کے شعبے میں ایک علاقائی رہنما کے طور پر سامنے لائے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔