اسلام آباد پولیس خدمت، تحفظ اور عوامی اعتماد کی پہچان ہے، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی
اسلام آباد پولیس خدمت، تحفظ اور عوامی اعتماد کی پہچان ہے، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):آئی جی اسلام آبادسید علی ناصررضوی نے وفاقی دارلحکومت میں خواتین کے قتل میں ملوث ملزمان کی بروقت گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کرنے والی انوسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوں نے تمام افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مئوثر تفتیش اور بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی ایس پی سی آئی اے سلمان شاہ کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے قتل میں ملوث ملزمان کی بروقت گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کرنے والی انوسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے تمام افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، موثر تفتیش اور بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر اہلکار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔محکمہ پولیس میں پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت اور عوام دوست رویہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ جن افسران و جوانوں نے جرائم کی بیخ کنی، عوامی خدمت، بروقت کارروائی اور موثر تفتیش کے ذریعے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ یقیناً محکمہ پولیس کا فخر ہیں اورایسے افسران کی حوصلہ افزائی نہ صرف انفرادی کارکردگی میں اضافہ کرتی ہے بلکہ پورے ادارے کے مورال کو بھی بلند کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ کے فروغ، عوام کے ساتھ مضبوط روابط اور جرائم کےسدباب کے لیے مئوثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ شہریوں کے تعاون کے بغیر امن و امان کا قیام ممکن نہیں۔ لہٰذا عوام اور پولیس کے باہمی اشتراک سے ہی ایک محفوظ اور پرامن معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔اس موقع پر تمام افسران و جوانوں نے آئی جی اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اسی جذبے اور لگن کے ساتھ مستقبل میں بھی ادا کرتے رہیں گے۔







