اسلام آباد پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے ملزم سمیت تین ڈاکو گرفتار کر لئے، ایک فرار

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے تھانہ کوہسار کی حدود میں ڈکیت گینگ سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین مسلح ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جن میں ایک زخمی ملزم بھی شامل ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اتوار کو ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ علاقے میں ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد سرچ …

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے تھانہ کوہسار کی حدود میں ڈکیت گینگ سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین مسلح ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جن میں ایک زخمی ملزم بھی شامل ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اتوار کو ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ علاقے میں ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد سرچ آپریشن کے دوران چار مسلح ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو جس کی شناخت عباس کے نام سے ہوئی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے دو دیگر ملزمان سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

اہلکار نے بتایا کہ زخمی ملزم عباس اسلام آباد میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ڈاکوؤں نے F-7 سیکٹر میں حال ہی میں ہونے والی ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان نے پہلے ایک شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین لی اور بعد میں دوسری ڈکیتی کی کوشش کی۔

متاثرہ شہری نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد تلاشی کی مہم شروع کی گئی، جب پولیس ٹیم علاقے کی تلاشی لے رہی تھی تو چار مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس ٹیم بروقت دفاعی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہی۔کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان سے چھینے گئے موبائل فون، بٹوے اور نقدی سمیت ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والے تین پستول بھی برآمد کر لیے۔

اہلکار نے بتایا کہ ڈاکوئوں کا ایک ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور باقی مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔

مزید خبریں