آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا گرینڈ کومبنگ آپریشن، سکیورٹی مزید سخت ، افغان شہری سمیت 27 مشتبہ افراد گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔ پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ یہ کارروائیاں زونل ایس پیز کی زیر نگرانی کھنہ، شہزاد ٹاؤن، نون، سنگجانی اور کورال تھانوں کی حدود میں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر چیکنگ کو یقینی بنانے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 599 افراد اور 288 گھرانوں کو چیک کیا گیا۔اہلکار نے بتایا کہ تلاشی کے دوران 73 دکانوں اور تین ہوٹلوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران 219 موٹر سائیکلوں اور 81 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ اہلکار نے بتایا کہ 27 مشکوک افراد بشمول ایک افغان شہری سمیت 14 موٹر سائیکلوں کو مزید تصدیق کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی دستے شہر بھر میں فعال طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ حفاظتی انتظامات اور اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔





