اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشراک سے مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقادکیا۔ معروف ماہر اقبالیات اور سابق ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی پروفیسر فتح محمد ملک نے تقریب کی صدارت کی جبکہ چیئر پرسن اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر نجیبہ عارف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مقررین نے علامہ اقبال کی زندگی،خدمات، افکار اور تصورات پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ پا کستان کسی جنگ کے نتیجے میں نہیں بلکہ عوامی جمہوری تحریک کے نتیجے میں وجود میں آیا، قائد اعظم نے علامہ اقبال کی دی گئی فکر اور سوچ کے تحت آزاد ملک کے قیام کے لئے عملی جدو جہد کی،پاکستان کی تشکیل حقیقت میں علامہ اقبال کے افکار اور سوچ کا نتیجہ تھی،علامہ محمد اقبال نے آج سے کئی دہائیاں قبل یہ بھانپ لیا تھا کہ بر صغیر کے مسلمانوں کا نہ تو انگزیز راج میں گزارا ہے اور نہ ہی وہ اپنی جداگانہ حیثیت برقرار رکھتے ہوئے ہندوئوں کے ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی طرف سے اس عظیم دن کی یاد میں تقریب منعقد کرنا خوش آئند ہے۔ اس طرح کی تقریبات معاشرے کی بیداری میں کردار ادا کرتی ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال نے دو قومی نظریے کے ذریعے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ خودمختار اسلامی ریاست کا تصور پیش کیا بلکہ ایک ترقی یافتہ فلاحی معاشرے کا قیام بھی اسی کی سوچ اور فکر کا محور تھا۔
انہوں نے نوجوان نسل کو اپنی شاعری کا مرکز و محور بنایا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ ایک جدید اسلامی فلاحی معاشرہ نوجوان نسل کی شرکت کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتا۔اس موقع پر چیئر پرسن اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر نجیبہ عارف ،چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر اور چیمبر کی لٹریچر کمیٹی کی کنوینر افراز بیگم سیال نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں معروف شاعر ڈاکٹر جنید آذر،ڈاکٹر کاشف عرفان اور شہباز چوہان نے علامہ اقبال کو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔