اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ باب العلم پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک نمازی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ آئی نائن قاسم خان نیازی نے بتایا کہ واقعہ مغرب کی نماز کے وقت پیش آیا۔ نمازی نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد جونہی دروازے سے باہر نکلے تو …
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ باب العلم پر دہشت گردوں کی فائرنگ،ایک نمازی جاں بحق،چار زخمی
مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں امام بارگاہ باب العلم پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک نمازی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ آئی نائن قاسم خان نیازی نے بتایا کہ واقعہ مغرب کی نماز کے وقت پیش آیا۔ نمازی نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد جونہی دروازے سے باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے جدید آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں حبدار حسین شاہ جو حساس ادارہ کا ملازم اور اٹک کا رہائشی تھا، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ندیم بخاری، رضی شاہ، ڈاکٹر عنایت شاہ اور سید عین زیدی فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر پمز ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں دو افراد کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور دو نوجوان پیدل امام بارگاہ کے پاس آئے اور امام بارگاہ کے مرکزی دروازے کے باہر لگی ہوئی پانی کی سبیل سے پانی پینے لگے۔ جونہی نماز مغرب ختم ہوئی اور نمازی باہر نکلنا شروع ہوئے تو ان نامعلوم نوجوانوں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد دہشت گرد موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر فوری طور پر تھانہ آئی نائن پولیس اور اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کی ناکہ بندی کر دی ۔وقوعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آئی ایٹ مرکز میں تاجروں نے دکانیں بند کر دیں اور احتجاج کیا۔ پولیس حکام کے مطابق جلد مجرموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔








