اسلا م آباد پولیس افسران کے مسائل کے بروقت حل اور دادرسی کیلئے اردل روم کا انعقاد

اسلا م آباد پولیس افسران کے مسائل کے بروقت حل اور دادرسی کیلئے اردل روم کا انعقاد

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):ڈی آئی جی سکیورٹی محمد عتیق طاہر نے اسلام آباد پولیس افسران کے مسائل کے بروقت حل اور ان کی دادرسی کے لئے افسران کے سرکاری اور ذاتی نوعیت کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق اردل روم میں پولیس افسران و جوانوں نے ذاتی اور سرکاری نوعیت کے مسائل ڈی آئی جی سکیورٹی کے سامنے رکھے۔

انہوں نے سنگین نوعیت کے معاملات پر متعلقہ پولیس افسران کو از سر نو انکوائریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ پولیس افسران و جوانوں کے باقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں رہائش ، بہترین طبی سہولیات اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا شامل ہیں۔

انہوں نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو میر ے دفتر کادروازہ آپ کے لئے ہمیشہ کھلا ہے، ہم سب نے مل کر اس شہر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران کی ویلفیئر ، ذاتی و سرکاری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ان کے مورال کو بلند کرنا ہے ۔