مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: وفاقی دارالحکومت کی پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے پرچموں، برقی قمقموں اور ایل ای ڈی سکرینز سے سجاوٹ

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی طور پر برقی قمقموں، قومی پرچموں اور ایل ای ڈی سکرینز سے سجا دیا گیا۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی طور پر برقی قمقموں، قومی پرچموں اور ایل ای ڈی سکرینز سے سجا دیا گیا۔ شاہراہ دستور پر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے برقی روشنیوں اور خصوصی سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے۔ شاہراہ دستور اور کچہری چوک سمیت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات پر خصوصی ایل ای ڈی سکرینز نصب کی گئی ہیں جن پر تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ دفاعی عزم کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ رات کے وقت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچموں، روشن ایل ای ڈی سکرینز اور برقی قمقموں سے سجی شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر سرکاری عمارتیں انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب منظر پیش کر رہی ہیں۔ ایل ای ڈی سکرینز پر نمایاں پیغامات مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت اور پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط ہوتے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کر رہے ہیں۔ تینوں ممالک کے پرچموں سے سجی شاہراہ دستور اسلام آباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی خصوصی سجاوٹ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اخوت، باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور مشترکہ عزم کا خوبصورت مظہر بن گئی ہے۔ اسلام آباد کی سڑکوں اور اہم مقامات پر ہونے والی خصوصی سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ شہریوں نے تینوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور تاریخی دفاعی معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی سجاوٹ کو سراہا۔