تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریباً مکمل، منگلا میں بھی بلند سطح

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے بتایا ہے کہ جاری مون سون سیزن کے دوران تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ بلند سطح پر برقرار ہے، تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی شرح 97.94 فیصد جبکہ منگلا ڈیم میں 62.99 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے بتایا ہے کہ جاری مون سون سیزن کے دوران تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ بلند سطح پر برقرار ہے، تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی شرح 97.94 فیصد جبکہ منگلا ڈیم میں 62.99 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی تازہ ترین جائزہ رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,548 فٹ ریکارڈ ہوئی جبکہ ذخیرہ کرنے کی شرح 97.94 فیصد رہی۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران تربیلا میں پانی ذخیرہ کرنے کی شرح 95.98 فیصد تھی۔اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,205.2 فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ ذخیرہ 62.99 فیصد رہا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں ریکارڈ کیے گئے 62.80 فیصد کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق تازہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مون سون کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ جاری ہے۔این ڈی ایم اے دریاؤں کے بہاؤ اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات اور الرٹس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ پیشگی حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید خبریں