اسلحے کی دوڑ روکنے کی ضرورت، جنگ نہیں امن کے نظام میں سرمایہ کاری کی جائے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔6مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلحے کی دوڑ کو روکیں اور جنگی ہتھیاروں کے بجائے امن کے قیام کے نظام میں سرمایہ کاری کریں۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق تخفیف اسلحہ و جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے خبردار کیا کہ …

اقوام متحدہ ۔6مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلحے کی دوڑ کو روکیں اور جنگی ہتھیاروں کے بجائے امن کے قیام کے نظام میں سرمایہ کاری کریں۔

چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق تخفیف اسلحہ و جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا میں امن کا خواب شدید خطرات سے دوچار ہے،موجودہ حالات میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ گزشتہ کئی دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ عالمی کشیدگی کے باعث دفاعی اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چھوٹے ہتھیاروں اور ہلکے اسلحے کا پھیلاؤ بھی بڑھ رہا ہے، اس کے علاوہ نئی اور ابھرتی ٹیکنالوجیز جنگوں کو مزید مہلک بنا رہی ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشیدگی کو کم کیا جائے اور دنیا کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کی دھمکیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور اسلحے کی دوڑ کو فوری طور پر روکا جائے۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ تخفیف اسلحہ کے عالمی وعدوں پر عملدرآمد، باہمی اعتماد کی بحالی اور مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ، تجربات اور استعمال کو روکنے کے نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید خبریں