"ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کی ترقی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، جبکہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔”
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے کوئٹہ میں مختلف وفود کی ملاقات ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 31 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کی ترقی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا،ان وفود میں ایڈووکیٹ طارق بٹ، جاوید احمد خان، جہانگیر خان کھروٹی، سمیرا خان، میر زمان لہڑی، میر لیاقت، لیاقت راجپوت اور دیگر شامل تھے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان میں مقیم کشمیری برادری نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں اور قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کشمیری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور کہا کہ بلوچستان تمام باشندوں کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ملاقاتوں کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری وفاقی حکومت کے فنڈڈ ترقیاتی منصوبوں اور دیگر عوامی نوعیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود نے مقامی آبادی کو درپیش مسائل سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا، جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے اور بھارت کی جانب سے ان پر کیے جانے والے مظالم کی ہمیشہ شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہلِ جموں و کشمیر کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری برادری صدیوں سے بلوچستان میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کی فضا میں مقیم ہے اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے زور دیا کہ بلوچستان یہاں بسنے والی تمام برادریوں کا ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مقیم کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔







